وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار، مسلح افواج کے سربراہان اور اعلیٰ قومی قیادت کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈ کوارٹرز کا اہم دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع اور وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے غیر مبہم قومی عزم کا پُرعزم اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے مادرِ وطن کے دفاع میں پیش پیش، قربانیوں کی عظیم داستان رقم کرنے والی افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی بہادر، فرض شناس اور نظم و ضبط کی اعلیٰ مثال قائم کرنے والی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی دنیا کی بہترین اور پیشہ ور افواج میں نمایاں مقام رکھتی ہے۔ قومی قیادت کو موجودہ ملکی و علاقائی سیکیورٹی صورتحال، بھارت کی مشرقی سرحد پر بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزی، ہائبرڈ وار فیئر کے خطرات، دہشت گرد پراکسیز اور دشمن کی روایتی و غیر روایتی چالوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر قیادت نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور جدید حربی حکمتِ عملی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم اور شریک معززین نے آپریشنل تیاریوں کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کسی قسم کی آنچ برداشت نہیں کی جائے گی، اور ہر جارحیت کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل حالات میں قومی سلامتی سے متعلق بروقت اور باخبر فیصلوں میں ادارے کے کردار کو سراہتے ہوئے /کہا کہ پاکستان کے دشمن جان لیں کہ یہ قوم بیدار ہے، متحد ہے، اور ہر محاذ پر اپنی آزادی کا دفاع کرنا جانتی ہے
Discussion about this post