پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ محکمہ پاسپورٹس نے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے درخواستوں، پرنٹنگ اور کارکردگی کی نگرانی کا نیا اور مؤثر نظام متعارف کرا دیا ہے۔ اس اقدام سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں جمع کروائی جانے والی پاسپورٹ درخواستوں اور ان کی ترسیل کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو گئی ہے۔ ڈی جی پاسپورٹس کی خصوصی ہدایت پر ہیڈ کوارٹرز میں چوبیس گھنٹے فعال ایک جدید مانیٹرنگ روم قائم کر دیا گیا ہے، جہاں ڈیجیٹل انٹیگریٹڈ ڈیش بورڈ کے ذریعے روزمرہ آپریشنز کی مسلسل نگرانی اور جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ نئے نظام کے تحت پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع ہونے سے لے کر اس کی پرنٹنگ اور ڈیلیوری تک ہر مرحلہ براہِ راست نگرانی میں ہوگا، جس سے تاخیر اور بے ضابطگیوں کے امکانات نمایاں طور پر کم ہو جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی پاسپورٹ دفاتر میں رش اور دباؤ کی خودکار نشاندہی بھی ممکن بنائی گئی ہے، تاکہ بروقت انتظامی اقدامات کیے جا سکیں۔ جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے عملے کی کارکردگی، پاسپورٹ پرنٹنگ کے مراحل اور مجموعی آپریشنز پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ نیٹ ورک مینجمنٹ سسٹم کے تحت بیک لاگ، مشینری کی دستیابی اور تکنیکی صورتحال کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی، جس سے شہریوں کو تیز، شفاف اور بہتر سروس کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔








Discussion about this post