امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہونے والا سالانہ ونٹرنیشنل ایونٹ اس بار بھی اپنے روایتی رنگ، چمک اور عالمی ثقافتی ہم آہنگی کے ساتھے سجایا گیا، جس میں دنیا بھر کے تقریباً ستر ممالک کے سفارت خانوں نے شرکت کی۔ مگر اس وسیع و عریض تہذیبی میلے میں سب سے نمایاں جلوہ پاکستانی ثقافت کا رہا، جس نے غیر ملکی شرکاء کی توجہ اور دل دونوں جیت لیے۔ اس اہم تقریب میں امریکہ میں تعینات سفیرِ پاکستان رضوان سعید شیخ نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے پاکستان کے بے مثال ثقافتی ورثے کو عالمی دنیا کے سامنے اجاگر کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم، قدیم اور رنگا رنگ ثقافتی ورثے کا حامل ہے، جس کی خوبصورتی اور تنوع اسے دنیا کی منفرد ثقافتوں میں شامل کرتا ہے۔ اپنے خطاب میں سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ثقافتی شاہکار ہماری تاریخ، سماجی اقدار اور قدرتی حسن سے جڑے ان رشتوں کی نمائندگی کرتے ہیں جو ہماری پہچان اور ہماری اساس ہیں۔ تقریب میں پاکستانی بوتھ ہر آنے والے کی اولین ترجیح بن گیا۔ یہاں روایتی پاکستانی کھانوں کی مہک، خوشبودار چائے، ہاتھ سے بنی دستکاریاں، دلکش آرٹ ورکس، جواہرات اور قیمتی پتھروں کی سجی ہوئی نمائش نے مہمانوں کو دیر تک اپنے سحر میں رکھا۔
مختلف ممالک سے آئے شرکاء پاکستانی فن اور ہنر کی باریکیوں سے خاص طور پر متاثر دکھائی دیے۔ سفیر رضوان سعید شیخ نے دیگر ممالک کے اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور نمائندوں سے خوشگوار گفتگو کی۔ انہوں نے ایونٹ کی کامیاب میزبانی پر جین ڈو پلین اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ سفیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ونٹرنیشنل جیسے عالمی ثقافتی میلوں کا کردار نہایت اہم ہے، کیونکہ یہ مختلف قوموں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں اور دنیا بھر کے لوگوں کو ایک دوسرے کی ثقافتوں سے روشناس کرنے کا بہترین ذریعہ بنتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر سفیرِ پاکستان نے پاکستان بوٹھ کی شان دار کامیابی پر تمام منتظمین اور سفارت خانۂ پاکستان واشنگٹن ڈی سی کی انتھک محنت کو خصوصی طور پر سراہا۔ یوں ایونٹ کا اختتام پاکستان کی ثقافتی خوبصورتی اور مہمان نوازی کی عالمی سطح پر ایک بار پھر دل سے پذیرائی کے ساتھ ہوا۔






Discussion about this post