وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے اہم ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات کے مستقبل اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے دوطرفہ سیکیورٹی تعاون اور بارڈر مینجمنٹ میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ مستقبل میں ہر سطح پر کوآرڈینیشن مضبوط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ پاک امریکا تعلقات مزید مستحکم اور باہمی فائدے مند بن سکیں۔ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ بیرونِ ملک جرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی جدید سافٹ ویئر کے ذریعے کی جائے گی، اور جدید آلات کے ذریعے بارڈر سیکیورٹی اور کوسٹل گارڈز کی استعداد کار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کی تنظیم نو میں امریکی تعاون کو خوش آمدید کہیں گے اور ایف آئی اے و این سی سی آئی اے کی استعداد بڑھانے میں بھی امریکہ کا تعاون اہم ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ کو فعال کرنے کے لیے امریکی معاونت نہایت سودمند ہوگی، اور یہ وفاقی سطح پر پہلا اینٹی ٹیرراسٹ ونگ ہوگا جو صوبائی اداروں کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن قائم رکھے گا۔ قائم مقام امریکی سفیر نے یقین دلایا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اشتراک بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے اور تعاون کو نئی جہتوں تک لے جائیں گے۔ اعلامیے کے مطابق محسن نقوی نے پاکستانی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ امریکی وفد نے سیکیورٹی تعاون اور دوطرفہ روابط مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی کاوشوں کی بھرپور تعریف کی۔ یہ ملاقات نہ صرف پاک امریکا تعلقات میں نیا باب رقم کرے گی بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد، اشتراک اور مشترکہ مفادات کے فروغ میں ایک نمایاں سنگ میل ثابت ہوگی۔






Discussion about this post