خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ یہ آپریشن خفیہ معلومات پر کیا گیا تھا، جس میں اس گروہ کی موجودگی کی واضح نشاندہی کی گئی تھی، جو آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں پاکستانی سرزمین پر دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ 24 نومبر کو کی جانے والی اس کارروائی میں فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو انتہائی مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد تمام 22 دہشتگرد مارے گئے، جب کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن کا عمل جاری ہے تاکہ کوئی بھی دہشتگرد فرار نہ ہوسکے اور علاقے کو مکمل محفوظ بنایا جا سکے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ یہ آپریشن نیشنل ایکشن پلان کے تسلسل میں فیڈرل ایپکس کمیٹی کی منظوری سے چلایا جا رہا ہے تاکہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔سیکیورٹی فورسز کی اس کامیاب کارروائی نے فتنۃ الخوارج اور اس کی بیرونی پشت پناہی کے عزائم کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا ہے، جب کہ اعلیٰ قیادت اور عوام کی جانب سے فورسز کی بہادری اور مسلسل جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔







Discussion about this post