بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سیکیورٹی فورسز نے بہادری اور عزم کی نئی داستان رقم کرتے ہوئے ایک اور بڑا کارنامہ سرانجام دیا۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنۃ الخوارج کے 7 خون آشام دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، شیرانی کے سنگلاخ پہاڑوں میں یکم اکتوبر کو دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر یہ آپریشن کیا گیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد دشمن کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔ ہلاک شدہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جبکہ علاقے کو مزید کلیئر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپاہیوں نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو عبرتناک شکست دی۔ اُن کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے دشمنوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا ہمارا عزم اٹل ہے اور پاکستان کی سالمیت پر آنچ آنے نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تابڑ توڑ کارروائیاں کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہند سے وابستہ 13 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا اور خضدار سے 4 دہشت گرد گرفتار کیے تھے۔ یہ مسلسل کامیابیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ دشمن کی ہر سازش کو خاک میں ملا دیا جائے گا اور وطنِ عزیز کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جائے گا۔







Discussion about this post