کوئٹہ کے مضافاتی علاقے غزا بند میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک کامیاب مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو کاری ضرب لگاتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ذرائع کے مطابق، انٹیلی جنس رپورٹس میں غزا بند کے پہاڑی سلسلے میں دہشت گردوں کی تشکیل اور ان کی سرگرمیوں کی مصدقہ اطلاعات ملی تھیں۔ یہ دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور ملک کے امن کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جوانوں کی بہادری کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ کامیاب آپریشن میں دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو آئندہ بڑی دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال کیا جا سکتا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر چاہے اندرونِ ملک ہوں یا بیرونی اسپانسرڈ، ریاست اور عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔







Discussion about this post