پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات نے ایک بڑی پیش رفت کی صورت اختیار کر لی ہے، جہاں دونوں ممالک نے باہمی تجارت کو فروغ دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو نئی جہتوں تک لے جانے کے لیے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ معاہدہ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی واشنگٹن میں امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے (یو ایس ٹی آر) جیمیسن گریر سے ہونے والی اہم ملاقات کے دوران طے پایا۔ اس موقع پر سیکریٹری تجارت جواد پال اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سرکاری اعلان
اس معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل کے ذریعے کیا، جس میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ تیل کے شعبے میں شراکت داری سمیت وسیع تر اقتصادی تعاون کی امید ظاہر کی۔ ان کے بیان نے عالمی تجارتی حلقوں میں نئی بحث کو جنم دیا، خصوصاً جب انہوں نے بھارت پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "کون جانے، شاید ایک دن پاکستانی بھارت کو ہی تیل بیچ رہے ہوں۔”

کیا ہے معاہدے کی روح؟
وزارت خزانہ کے مطابق اس تجارتی معاہدے کا بنیادی مقصد:
-
دوطرفہ تجارت میں اضافہ
-
پاکستانی مصنوعات پر امریکی ٹیرف میں کمی
-
سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینا
-
توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی سمیت کئی کلیدی شعبوں میں تعاون بڑھانا
-
دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی منڈیوں تک بہتر رسائی دینا
یہ معاہدہ نہ صرف پاکستان کی برآمدات کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گا بلکہ امریکی سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرے گا۔
نئی اقتصادی راہیں، مضبوط تر سفارتی تعلقات
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاہدہ پاک-امریکا تعلقات میں ایک نئے اقتصادی باب کا آغاز ہے، جو نہ صرف واشنگٹن اور اسلام آباد کے مابین اعتماد کو مضبوط کرے گا، بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے تجارتی مقام کو بھی بلند کرے گا۔ یہ معاہدہ واضح کرتا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے، بلکہ وہ تجارت و سرمایہ کاری کو ترقی، روزگار اور استحکام کا ذریعہ بھی سمجھتے ہیں۔







Discussion about this post