پاکستان کے قونصل جنرل طارق کریم نے مائن ٹاؤن شپ کے ٹرسٹی آصف ملک کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں شرکت کی، جہاں ان کی ملاقات الی نوائے کی سینیٹر لورا مرفی اور دیگر منتخب عوامی نمائندوں سے ہوئی۔ یہ تقریب پاکستانی کمیونٹی اور امریکی عوامی قیادت کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم موقع ثابت ہوئی۔قونصل جنرل نے آصف ملک کو مائن ٹاؤن شپ ٹرسٹی بورڈ کے لیے دوبارہ منتخب ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور ان کی کمیونٹی کے لیے مسلسل خدمات کو سراہا۔ انہوں نے آصف ملک کی کاوشوں کو پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کے فروغ میں ایک مثبت قدم قرار دیا۔ تقریب کے دوران طارق کریم نے سینیٹر لورا مرفی اور دیگر عہدیداران کو جنوبی ایشیا کی تازہ صورتحال، خصوصاً پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی پر پاکستان کا مؤقف تفصیل سے بیان کیا۔
انہوں نے بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزیوں پر روشنی ڈالی اور زور دیا کہ ان مسائل کا حل پرامن مذاکرات اور عالمی برادری کی ذمہ دارانہ شمولیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ قونصل جنرل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکی قانون سازوں کو جنوبی ایشیا کے معاملات پر غیر جانب دار اور متوازن مؤقف اپنانا چاہیے۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے کردار کو بھی اجاگر کیا جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ تقریب کا اختتام باہمی افہام و تفہیم، پرامن بقائے باہمی اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کے ساتھ ہوا، تاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے۔
Discussion about this post