بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے مؤثر اور دندان شکن ردعمل نے جہاں دشمن کو بوکھلا دیا ہے، وہیں عالمی برادری کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کی عسکری قیادت اور حکومت سے رابطہ کر کے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تعاون کی پیشکش کی ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار کو ٹیلی فون کیا اور زور دیا کہ پاکستان اور بھارت تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں تاکہ خطے کا امن متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی نظریں اس خطے پر لگی ہوئی ہیں، اور کسی بڑے تصادم سے بچنے کے لیے امریکہ تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ ترجمان امریکی وزارت خارجہ ٹیمی بروس نے بھی اس رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مارکو روبیو نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری طور پر سفارتی راستے اختیار کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے پیشکش کی کہ امریکہ تعمیری مذاکرات کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ مستقبل میں کسی بڑے تصادم سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے امریکی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر دفاع وطن پر سمجھوتہ ممکن نہیں۔
Discussion about this post