پاکستان نے ایکس انڈس مشق کے دوران زمین سے زمین پر مار کرنے والے جدید ابدالی میزائل کا کامیاب تجربہ کرکے دنیا پر اپنی دفاعی صلاحیتوں کی دھاک بٹھا دی ہے۔ 450 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو درستگی سے نشانہ بنانے والا یہ میزائل پاکستان کی اسٹریٹیجک فورسز کا قابلِ فخر اثاثہ بن چکا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس تجربے کا مقصد نہ صرف ویپن سسٹم کی آپریشنل تیاریوں کو جانچنا تھا بلکہ اس میں شامل جدید نیوی گیشن سسٹم اور تکنیکی صلاحیتوں کو بھی پرکھا گیا۔ تربیتی لانچ کے موقع پر کمانڈر آرمی اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ سمیت اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن کے اعلیٰ حکام، ماہر انجینئرز اور سائنسدان بھی موجود تھے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے اس عظیم کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی، اور پاکستان کی اسٹریٹیجک فورسز کی تکنیکی مہارت اور عزم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ یہ تجربہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آئے واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے، پاکستانی سفارتی عملے کو 30 اپریل تک ملک چھوڑنے کی ہدایت دینے اور پاکستانی ویزے منسوخ کرنے جیسے جارحانہ اقدامات کیے ہیں۔ ان حالات میں ابدالی میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ نہ صرف پاکستان کی دفاعی خودمختاری کا مظہر ہے بلکہ دشمن کو واضح پیغام بھی ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔
Discussion about this post