بحیرۂ عرب میں آپریشن ’’المسمک‘‘ کے دوران پاکستان نیوی کے جدید جنگی جہاز پی این ایس یرموک نے ایک غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو مختلف کشتیوں سے 97 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات قبضے میں لے لی۔
بین الاقوامی بحری اتحاد کمبائنڈ میری ٹائم فورس (CMF) کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ کارروائیاں گزشتہ ہفتے محض 48 گھنٹوں کے فرق سے سعودی قیادت میں قائم کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کی براہِ راست معاونت میں انجام دی گئیں۔ یہ آپریشن 16 اکتوبر سے جاری ہے۔ 18 اکتوبر کو پہلی کشتی پر چھاپے کے دوران عملے نے 2 ٹن سے زائد کرسٹل میتھ ایمفیٹامین پکڑی، جس کی مالیت تقریباً 82 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھی۔کم از کم 48 گھنٹے بعد دوسری کشتی سے 350 کلوگرام کرسٹل میتھ (مالیت 14 کروڑ ڈالر) اور 50 کلوگرام کوکین (مالیت 1 کروڑ ڈالر) برآمد کی گئی۔بیان میں واضح کیا گیا کہ ضبط شدہ منشیات کی تصدیق کے بعد انہیں جہاز پر ہی ضائع کر دیا گیا، جب کہ دونوں کشتیوں کی کوئی قومی شناخت نہیں تھی اور نہ ہی ان کے ماخذ سے متعلق کوئی تفصیل فراہم کی گئی۔ اس آپریشن کی قیادت کرنے والے سعودی بحریہ کے کموڈور فہد الجوید نے کہا کہ یہ کامیابی بین الاقوامی بحری تعاون کی عملی مثال ہے۔
U.S. Central Command congratulates the Saudi-led Combined Task Force 150 of Combined Maritime Forces for successfully seizing more than $972 million worth of narcotics. Over a 48-hour period, Pakistan Navy Ship Yarmook conducted boarding operations of two dhows in the Arabian…
— U.S. Central Command (@CENTCOM) October 21, 2025
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے بھی اپنے ’’ایکس‘‘ اکاؤنٹ پر CMF کو اس بڑی کامیابی پر مبارک باد دی۔
47 ممالک پر مشتمل یہ بحری اتحاد دنیا کی انتہائی مصروف تجارتی آبی گزرگاہوں سمیت 30 لاکھ مربع میل سمندری علاقے میں منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سرگرم عمل ہے۔







Discussion about this post