دفتر خارجہ نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ قطر پر اسرائیلی حملہ نہ صرف عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی کھلا خطرہ ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے پریس بریفنگ میں اعلان کیا کہ پاکستانی قوم اپنے برادر ملک قطر کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر سطح پر اس سے اظہارِ یکجہتی کرتی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی ہے اور آج بھی پاکستان کا مؤقف وہی ہے کہ تنازعِ فلسطین کا پائیدار حل صرف اور صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری طور پر قطر کا ہنگامی دورہ کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان نہ صرف الفاظ بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے بھی اپنے برادر ملک کے ساتھ ہے۔ پاکستان اور صومالیہ کی مشترکہ درخواست پر ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی اسی عزم کا اظہار ہے۔

ترجمان نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور مضبوط ملک ہے، اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اور اگر کسی نے پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے بھی حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا، جہاں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ برطانیہ سے متعلق سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی افراد سے متعلق ہر ملک اپنی پالیسی بناتا ہے، تاہم پاکستان کو کسی بھی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کئی معاہدے موجود ہیں جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔







Discussion about this post