مارچ فیلڈ ایئر میوزیم میں ایک تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی حامل تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز پاکستانی نژاد امریکی فنکار عرفان مرتضیٰ کے تیار کردہ SR-71 بلیک برڈ طیارے کی شاندار پینٹنگ کی باقاعدہ رونمائی کی گئی۔یہ فن پارہ نہ صرف امریکی فضائی تاریخ کے ایک عظیم باب کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے بلکہ یہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کے جذبۂ حب الوطنی، ثقافتی وقار، اور بین الاقوامی ہم آہنگی کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ فنکار نے اس تخلیق کے ذریعے یہ پیغام دیا ہے کہ فنونِ لطیفہ سرحدوں سے ماورا ہو کر اقوام کو جوڑنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ یہ موقع اس لحاظ سے بھی تاریخی تھا کہ مارچ فیلڈ ایئر میوزیم نے پہلی مرتبہ کسی پاکستانی نژاد فنکار کے تخلیق کردہ فن پارے کی میزبانی کی۔ یہ قدم نہ صرف فنکار کی انفرادی کامیابی کو تسلیم کرنے کا مظہر ہے بلکہ پاکستانی نژاد امریکیوں کی امریکہ میں بڑھتی ہوئی تخلیقی و ثقافتی شراکت کا اعتراف بھی ہے۔
اس تقریب کے مہمانِ خصوصی قونصل جنرل پاکستان برائے لاس اینجلس، عاصم علی خان تھے، جنہوں نے اس آرٹ ورک کا باضابطہ افتتاح کیا۔ قونصل جنرل نے میوزیم انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ثقافتی تنوع کو سراہنے پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔ یہ تقریب پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات اور عوامی سطح پر بڑھتے ہوئے رابطوں کی ایک مضبوط علامت تھی، جو اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی شہری امریکہ کے ثقافتی، علمی اور فنکارانہ منظرنامے میں ایک نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان کے شعبۂ دفاعی ہوا بازی میں حالیہ پیش رفتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کے تناظر میں یہ تقریب ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
Discussion about this post