امریکی ایوانِ نمائندگان کی سابق اسپیکر نینسی پیلوسی نے اپنے طویل اور شاندار سیاسی کیریئر کے اختتام کا اعلان کر دیا ہے۔ 85 سالہ نینسی پیلوسی نے باضابطہ طور پر کہا ہے کہ وہ آئندہ کانگریس کے انتخابات میں حصہ نہیں لیں گی اور اپنے آخری سال کو شکرگزاری کے ساتھ سان فرانسسکو کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے گزاریں گی۔نینسی پیلوسی اس وقت کانگریس کی اپنی 19 ویں مدت مکمل کر رہی ہیں، جو 3 جنوری 2027 کو ختم ہوگی۔ انہوں نے 2007 میں تاریخ رقم کی تھی جب وہ پہلی خاتون اسپیکر منتخب ہوئیں، اور اپنی قیادت میں ڈیموکریٹک پارٹی نے کئی اہم قانون سازیوں کو کامیابی سے منظور کرایا۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، پیلوسی امریکی سیاست کی انتہائی ذہین، اسٹریٹجک اور مؤثر رہنما کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے سابق صدر باراک اوباما کے دور میں تاریخی ہیلتھ کیئر ریفارم بل کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ صدر جو بائیڈن کے دور میں انفراسٹرکچر اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق قوانین کو ایوان سے کامیابی سے منظور کرایا۔اگرچہ ان کی سیاسی بصیرت اور مضبوط قیادت کو سراہا گیا، ریپبلکن پارٹی کے رہنماؤں نے اکثر انہیں امیر اور عوام سے دور ایلیٹ کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔نینسی پیلوسی کا ریٹائرمنٹ امریکی سیاست کے ایک اہم اور تاریخی باب کے اختتام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس نے کئی دہائیوں تک ملک کی قانون سازی اور قیادت میں اپنا نمایاں اثر چھوڑا۔







Discussion about this post