وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر 90 فیصد خبریں جعلی ہوتی ہیں اور اب غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی میڈیا پر غلط خبر نشر ہو تو پیمرا نوٹس لیتا ہے، لیکن سوشل میڈیا پر کوئی روک ٹوک نہیں، جو بالکل قابلِ قبول نہیں۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ آزادیِ اظہار رائے ضروری ہے، مگر جھوٹی خبروں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر ریاستی اداروں کے خلاف بے بنیاد باتیں کرنے والوں کو خبردار کرتا ہوں کہ انہیں بہت جلد پاکستان آکر جواب دینا ہوگا۔ افغان باشندوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے، پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے انخلا کا عمل جاری ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں سے گزار ش ہے کہ عزت کے ساتھ اپنے وطن واپس جائیں کیونکہ اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسلام آباد کے خودکش حملے اور کئی دیگر دہشت گرد حملوں میں افغان شہری ملوث پائے گئے، جبکہ 17 ستمبر تک 4 لاکھ افغان باشندوں کو طورخم بارڈر سے واپس بھیجا جا چکا ہے۔محسن نقوی نے دوٹوک انداز میں کہا کہ قومی سلامتی پر کوئی سیاست نہیں ہوگی اور اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔







Discussion about this post