رواں برس کا آخری اور سب سے دلکش سپر مون 4 اور 5 دسمبر کی درمیانی رات پاکستان میں آسمان کو روشن کرتا دکھائی دے گا۔ یہ نظارہ نہ صرف ماہرینِ فلکیات بلکہ عام افراد کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ ثابت ہونے والا ہے، جب چاند اپنی معمول سے کہیں زیادہ بڑی اور روشن شکل میں نظر آئے گا۔ اسپارکو کے مطابق دسمبر کا یہ چاند، جسے “کولڈ مون” بھی کہا جاتا ہے، پاکستان کے بیشتر حصوں میں صاف طور پر دیکھا جا سکے گا۔ چونکہ اس دوران چاند زمین کے سب سے قریب ترین مقام، یعنی پیریجی، پر ہوگا، اسی لیے یہ سپر مون عام فل مون کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑا اور چمکدار دکھائی دے گا۔ ماہرین کے مطابق یہ رواں سال کا تیسرا اور آخری سپر مون ہے، جو 5 دسمبر کی صبح 4 بج کر 15 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا، جب اس کی روشنی تقریباً 99.8 فیصد ہوگی۔ اس سے قبل، 4 دسمبر کو شام 4 بج کر 58 منٹ پر چاند افق پر طلوع ہوگا اور اس وقت بھی اس کی چمک 99 فیصد کے قریب ہوگی۔ فلکیاتی ماہرین نے بتایا ہے کہ اس سپر مون کے دوران چاند عام فل مون کے مقابلے میں تقریباً 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا، جو آسمان پر ایک غیر معمولی اور دل موہ لینے والا منظر پیش کرے گا۔ اسپارکو کے مطابق 4 اور 5 دسمبر کو زمین اور چاند کے درمیان فاصلہ تقریباً 357,218 کلومیٹر رہ جائے گا، جو اسے سپر مون قرار دینے کے لیے ایک اہم فلکیاتی پیمانہ ہے۔ واضح رہے کہ سپر مون سال میں عموماً 3 سے 4 مرتبہ ہی نظر آتا ہے، اور صاف موسم کی صورت میں یہ دلکش منظر بغیر کسی خصوصی آلے کے آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے۔ آسمان پر چاند کا یہ درخشاں منظر نہ صرف خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ فلکیات سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے بھی ایک بہترین موقع ثابت ہوگا کہ وہ قدرت کے اس حیرت انگیز تماشے کا مشاہدہ کریں۔







Discussion about this post