بھارتی میڈیا نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے ایک منظم اور بدنیتی پر مبنی مہم کے تحت سوشل میڈیا کو جھوٹا محاذ بنا دیا، جہاں جعلی تصاویر، من گھڑت ویڈیوز اور بے بنیاد الزامات دانستہ طور پر پھیلائے گئے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ کسی بھی معتبر عالمی ادارے یا مستند بین الاقوامی ذریعے نے ان الزامات کی تائید نہیں کی، جس سے یہ پروپیگنڈا خود اپنی ساکھ کھو بیٹھا۔ جھوٹی ویڈیوز اور فرضی اعداد و شمار کے ذریعے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرانے کی کوشش دراصل سچ کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ زہریلا مواد صرف ایک ملک ہی نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ کسی انسانی سانحے کو سیاسی مفادات اور پروپیگنڈا جنگ میں بدل دینا ہر لحاظ سے قابلِ مذمت اور اخلاقی دیوالیہ پن کی عکاسی کرتا ہے۔ سڈنی کے واقعے پر بھارتی اور افغان میڈیا نے مل کر عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ شیخ نوید نامی ایک بے گناہ شہری کی تصویر استعمال کر کے جھوٹا بیانیہ گھڑا گیا، جسے مودی سرکار کے گودی میڈیا نے پوری مہارت سے پھیلایا۔ بعد ازاں بھارتی، افغان اور اسرائیلی میڈیا نے اسی جعلی کہانی کو مختلف رنگ دے کر دنیا کے سامنے پیش کیا، مگر سچ زیادہ دیر چھپ نہ سکا۔ جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار بننے والے شیخ نوید اکرم خود منظرِ عام پر آئے اور انہوں نے میڈیا پر لگائے گئے تمام الزامات کو یکسر مسترد کر دیا۔
Breaking 🚨 Naveed Akram Video 🚨
Exposing propaganda Naveed Akram from Lahore who lives in Sydney came on camera to prove his identity and how some media platforms put his life in danger by circulating his picture as alleged #bondibeach attacker.#BondiBeach #Australia pic.twitter.com/94KRxoU8Ec— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) December 14, 2025
ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی، بھارتی اور افغان میڈیا کی گمراہ کن خبروں نے نہ صرف ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا بلکہ ان کی جان کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔ اس کے باوجود انہیں حملہ آور ثابت کرنے کی ناکام کوششیں جاری رہیں، جو صحافتی بددیانتی کی واضح مثال ہیں۔ پاکستان کو نشانہ بنانے کی اس منظم سازش میں اصل انسانی کہانی کو دانستہ نظرانداز کر دیا گیا۔ اس واقعے میں مسلمان ہیرو احمد الاحمد نے یہ ثابت کر دیا کہ بہادری، ہمدردی اور انسانیت کا کوئی مذہب یا نسل نہیں ہوتی۔ اس کی جرات نے نفرت کے بیانیے کو چکنا چور کر دیا۔ دہشت گردی کا تعلق کسی قوم، مذہب یا نسل سے جوڑنا حقیقت سے انحراف اور شدید غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔ دہشت گردی انسانیت کی دشمن ہے، اور کسی ایک فرد کے جرم کی بنیاد پر پوری قوم کو بدنام کرنا نفرت اور تعصب کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔ پاکستان کے خلاف یہ پروپیگنڈا دراصل انتہا پسندی کے اصل مسئلے، متاثرین کی مدد اور مسلمانوں کی پرامن شناخت سے توجہ ہٹانے کی ایک سوچی سمجھی کوشش ہے، جو بالآخر سچ کے سامنے دم توڑ دیتی ہے۔






Discussion about this post