لندن میں رہائش پذیر 18 سالہ ماہ نور چیمہ نے تعلیمی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ پاکستانی نژاد اس باصلاحیت طالبہ نے 24 اے لیول مضامین میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ساتھ چار نئے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ ماہ نور نے دنیا کو حیران کیا ہو، اس سے قبل اپنے جی سی ایس ای کے نتائج کے ساتھ وہ مجموعی طور پر 6 عالمی تعلیمی ریکارڈ قائم کر چکی ہیں، جو دنیا بھر میں کسی بھی اسکول کے طالب علم کے لیے ایک غیرمعمولی اعزاز ہے۔

مزید فخر کی بات یہ ہے کہ ماہ نور کو اپنی زندگی کے سب سے بڑے خواب کی تکمیل کا موقع مل چکا ہے ۔ آکسفورڈ یونیورسٹی نے انہیں طب (میڈیسن) کی تعلیم کے لیے داخلہ دے دیا ہے۔ ماہ نور کا کہنا ہے:
"یہ سب کچھ میرے والدین کی قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا۔”
لاہور سے 2006 میں برطانیہ منتقل ہونے والی ماہ نور نے مختلف اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد آخری سال ہوم اسکولنگ کے ذریعے مکمل کیا۔ وہ نہ صرف تعلیم بلکہ دیگر میدانوں میں بھی نمایاں ہیں موسیقی میں ڈپلومہ، اداکاری اور پبلک اسپیکنگ میں گولڈ میڈلز، اور دنیا کی اعلیٰ آئی کیو سوسائٹی ’مینسا‘ کی رکنیت بھی رکھتی ہیں۔ ان کی شاندار کامیابیوں پر پاکستان کے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شہباز شریف نے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور "قوم کی بیٹی” قرار دیا۔








Discussion about this post