معروف یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر معاذ صفدر نے اپنے ایک حالیہ وی لاگ میں ایک ذاتی اور جذباتی پہلو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے والد نے انہیں اور ان کے شادی شدہ بھائی کو گھر سے علیحدہ کر دیا ہے۔ ویڈیو میں معاذ کی آواز بھرا گئی جب انہوں نے کہا:
"یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، سب کچھ انہی کے لیے کیا تھا، اب زندگی کی ایک نئی حقیقت کا سامنا ہے۔”
معاذ صفدر نے انکشاف کیا کہ ان کا والدین اور بہن بھائیوں سے بھرا ہوا گھر اب تین حصوں میں تقسیم ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق، بڑے اور شادی شدہ بھائیوں کو والد کی ہدایت پر اپنے اپنے گھر منتقل ہونے کو کہا گیا ہے، جبکہ سب سے چھوٹا بھائی، جو بھی شادی شدہ ہے، وہ بدستور والدین اور دونوں بہنوں کے ساتھ اسی گھر میں رہے گا۔وی لاگ میں معاذ کے والد کی گفتگو بھی شامل کی گئی، جنہوں نے اس فیصلے کی منطق یوں بیان کی:
"اصل لڑائی بچوں کے بعد شروع ہوتی ہے۔ ابھی تم دونوں کے بچے ہو چکے ہیں، یہی صحیح وقت ہے کہ تم الگ رہو۔ اس سے نہ صرف محبت قائم رہتی ہے بلکہ رشتے اور مضبوط ہو جاتے ہیں۔”
معاذ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اگرچہ دل دکھا ہے، لیکن وہ والد کے اس فیصلے کی نیت اور مقصد کو سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا:
"میں جانتا ہوں ابا نے برا نہیں سوچا، وہ چاہتے ہیں ہم سب کا گھر اور رشتہ سلامت رہے۔”

یہ ویڈیو ناظرین کے درمیان تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، اور سوشل میڈیا صارفین معاذ کے جذبے اور والد کے حکمت بھرے فیصلے پر تبصرے کر رہے ہیں۔ کئی صارفین نے اس فیصلے کو "روایت اور عقلمندی کا امتزاج” قرار دیا ہے، تو کچھ نے معاذ کی کیفیت کو اپنی کہانی سے تشبیہ دی ہے۔







Discussion about this post