دنیا کے سب سے بڑے سائنس و ٹیکنالوجی میلے ٹیکنوفیسٹ 2025 میں پاکستان کی دو ہونہار طالبات نے وہ کر دکھایا جس پر پوری قوم ناز کر سکتی ہے۔ شمالی قبرص میں منعقد ہونے والے اس عالمی مقابلے میں اسما فاطمہ اور انایا خان نے نہ صرف پاکستان کی نمائندگی کی، بلکہ ایموشن ڈیٹیکٹر گیجٹ فار کوآڈرپلیجک نامی سائنسی ایجاد کے ذریعے پہلا انعام جیت کر ملک کا پرچم سربلند کر دیا۔ ان کی ٹیم مارف سائنٹسٹ 25 نے سوشل انوویشن کی مڈل اسکول کیٹیگری میں یہ اعزاز حاصل کیا۔ یہ گیجٹ ان افراد کی مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو مکمل طور پر جسمانی طور پر مفلوج ہیں، تاکہ وہ اپنے جذبات دوسروں تک پہنچا سکیں۔
اس شاندار کامیابی کے اعتراف میں، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے خود اس ہونہار پاکستانی ٹیم کو انعام پیش کیا ، ایک لمحہ جو صرف ان طالبات کے لیے نہیں، بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر بن گیا۔ یہ صرف ایک انعام نہیں، بلکہ پاکستان کے نوجوان ذہنوں کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔ اس کامیابی نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان نہ صرف ہنر مند نوجوانوں کا ملک ہے، بلکہ ٹیکنالوجی، تحقیق اور انسان دوستی کے میدان میں بھی اس کا مستقبل روشن ہے۔ یہ لمحہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط تعلیمی اور ثقافتی رشتوں کی علامت بھی بن گیا، جسے دونوں ممالک نے دل سے سراہا۔
Discussion about this post