نیو یارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی نے لاہور لٹریری فیسٹیول میں شرکت کی، جو ایشیا سوسائٹی نیو یارک میں منعقد ہوا۔ اس سالانہ ادبی و ثقافتی تقریب کا انعقاد لاہور لٹریری فیسٹیول فاؤنڈیشن اور ایشیا سوسائٹی کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں ممتاز مصنفین، فنکاروں اور مؤرخین نے پاکستان کے ثقافتی ورثے، تخلیقی اظہار اور خیالات کے تبادلے کا جشن منایا۔ قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی نے ایل ایل ایف کی ان کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کے ذریعے پاکستان کے متنوع ادبی و ثقافتی ورثے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ایشیا سوسائٹی کے کردار کو بھی سراہا، جو اس طرح کی تقریبات کی میزبانی کر کے بین الثقافتی مکالمے کو فروغ دیتی ہے قونصل جنرل نے ایل ایل ایف کے بانی و چیف ایگزیکٹو آفیسر رضا احمد کی وژنری قیادت کو سراہا جنہوں نے اس فیسٹیول کو پاکستان کے نمایاں ترین ثقافتی پلیٹ فارمز میں تبدیل کیا۔ انہوں نے محترمہ ریچل کوپر، ڈائریکٹر آف گلوبل پرفارمنگ آرٹس اینڈ کلچرل انیشی ایٹوز، ایشیا سوسائٹی، کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس شراکت داری کو مستحکم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ایل ایل ایف کے نیو یارک ایڈیشن میں مختلف موضوعات پر پینل ڈسکشنز اور گفتگو کے سیشنز منعقد ہوئے، جن میں فکشن، تاریخ، سیاست، ثقافتی شناخت اور جدید فنونِ لطیفہ شامل تھے۔
اس موقع پر ادب اور فن کے اس کردار کو اجاگر کیا گیا جو اجتماعی یادداشت کی تشکیل، جدید دور کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور پاکستان کی بدلتی ہوئی ثقافتی شناخت کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ قونصل جنرل آتوزئی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ قونصل خانہ پاکستان ایسے پلیٹ فارمز کی حمایت جاری رکھے گا جو پاکستان کی فکری و ادبی میراث کو اُجاگر کرتے ہیں، بین الاقوامی سطح پر مکالمے کو فروغ دیتے ہیں، اور اقوام کے درمیان باہمی احترام اور گہری تفہیم کا سبب بنتے ہیں۔
Discussion about this post