لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ہفتے سے شہر کے شہریوں کو کچرا اٹھانے کے بل ارسال کیے جائیں گے۔ یہ اقدام پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد عملی طور پر نافذ کیا جارہا ہے۔ ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق شہر میں 5 تا 40 مرلہ گھروں کو 300 سے 5000 روپے تک کے بل بھیجے جائیں گے، جب کہ دیہی علاقوں میں اسی رقبے کی عمارت کا بل 200 سے 400 روپے کے درمیان ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں 9 ٹاؤنز میں سینی ٹیشن بل بھیجے جائیں گے، جنہیں ریونیو اور آپریشنل فیلڈ سپروائزرز کے ذریعے گھروں اور دکانوں تک پہنچایا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق پوش علاقوں اور کمرشل مارکیٹس سے فی مرلہ کے حساب سے فیس وصول کی جائے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ سینی ٹیشن بلوں کی پرنٹنگ جاری ہے اور شہریوں کو آئندہ ہفتے سے بل ملنا شروع ہوجائیں گے۔ بلوں کی ادائیگی بینک اور آن لائن کیش ایپلی کیشنز کے ذریعے ممکن ہوگی۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 7 اگست کو حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں ماہانہ صفائی فیس عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت رہائشی علاقوں میں کم فیس اور کمرشل علاقوں میں زیادہ فیس رکھی گئی ہے۔ محکمہ بلدیات پنجاب کے مطابق بلنگ کا نظام بتدریج ڈیجٹائز کیا جائے گا، تاہم ابتدائی طور پر شہریوں کو دو ماہ کا پرنٹڈ بل فراہم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد صفائی کے نظام کو بہتر بنانا اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں جدید ویسٹ مینجمنٹ نظام متعارف کرانا ہے۔







Discussion about this post