پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا منشور آج بھی دھرنے اور احتجاج کے گرد گھومتا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی عوام کی نہیں بلکہ قیدیوں کی فکر میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں عوام کی خدمت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، مفت کینسر ادویات کی فراہمی کے بعد اب ’اپنی زمین اپنا گھر‘ پروگرام بھی باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق یہ پروگرام مستحق اور خوش نصیب افراد کو زمین فراہم کرنے کا ایک تاریخی اقدام ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہر خوش نصیب فرد کو ذاتی طور پر فون کر کے پروگرام میں کامیابی اور نئے گھر کی خوشی پر مبارکباد دی۔ عظمیٰ بخاری کے مطابق ’اپنی چھت اپنا گھر‘ پروگرام کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار گھر تعمیر ہو چکے ہیں، اور آئندہ پانچ سال میں پانچ لاکھ گھروں کے قیام کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اپوزیشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’’ایک صوبے کا وزیرِ اعلیٰ آج بھی دھرنا کھیل رہا ہے، جبکہ پنجاب میں مریم نواز لوگوں کو گھر، پلاٹ اور سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ کسی کی قسمت میں دھرنے ہیں اور کسی کی قسمت میں خدمتِ خلق، اور ن لیگ کا منشور ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود کے گرد گھومتا رہا ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے خیبر پختونخوا کے ساڑھے چار کروڑ عوام بے یار و مددگار ہیں، جبکہ پنجاب میں عوام کو ہر ممکن سہولت اور ترقی فراہم کی جا رہی ہے۔







Discussion about this post