خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے معروف سیاحتی مقامات پر داخلے سے قبل انٹری فیس کی ادائیگی کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق اب کوئی بھی شخص بغیر انٹری فیس ادا کیے ناران، کاغان، جھیل سیف الملوک اور دیگر پرفضاء مقامات میں داخل نہیں ہو سکے گا۔ سرکاری دستاویز کے مطابق کاغان ویلی میں انٹری فیس کے نفاذ کا فیصلہ آمدنی بڑھانے اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے حسام آباد کے مقام پر انٹری فیس وصولی کا پوائنٹ قائم کیا جائے گا۔ بڑی گاڑی سے 200 روپے، چھوٹی گاڑی سے 100 روپے جبکہ موٹر سائیکل پر آنے والے سیاحوں سے 20 روپے انٹری فیس لی جائے گی۔ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقامی رہائشی افراد اس فیس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

حکام کے مطابق اس اقدام سے کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مالی حالت بہتر ہوگی اور سیاحوں کو مزید سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔ انٹری فیس کے نفاذ کی منظوری باقاعدہ طور پر بورڈ آف گورنرز نے دی ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے ماہانہ لاکھوں روپے کی آمدنی متوقع ہے، جسے مقامی سیاحت کے فروغ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔







Discussion about this post