بنوں میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں فائرنگ کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان، دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد شہید ہو گئے، جس سے علاقے میں سوگ اور خوف کی فضا پھیل گئی۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ میران شاہ روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے باعث اسسٹنٹ کمشنر اور دو پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک اور شہری بھی جان کی بازی ہار گیا۔ حملہ آور زخمی اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ہونے سے پہلے گاڑی کو بھی آگ کے حوالے کر گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور شہدا و زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعہ فلور ملز کے قریب پیش آیا جہاں اچانک کی گئی اس کارروائی نے ہر آنکھ کو نم کر دیا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے شہید اسسٹنٹ کمشنر، دو پولیس اہلکاروں اور دیگر شہری کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک نہایت افسوسناک اور دل ہلا دینے والا سانحہ ہے، لیکن دشمن عناصر ایسے بزدلانہ حمللوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت اور ثابت قدمی کے ساتھ جاری رہے گی۔







Discussion about this post