پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے تناظر میں خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ ممکنہ جنگی یا فضائی حملوں کی صورت میں پیشگی خبردار کرنے کے لیے صوبے کے 29 اضلاع میں جدید سائرن نصب کیے جا چکے ہیں۔ خیبرپختونخواسول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 29 اضلاع کو 50 عدد سائرن فراہم کر دیے گئے ہیں، حملے کی صورت میں 120 کلو وزنی سائرن 15 کلومیٹر تک آواز دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ سائرن پشاور، ایبٹ آباد، سوات، مردان، کوہاٹ، بنوں، چترال، شمالی و جنوبی وزیرستان، باجوڑ، کرم، مالاکنڈ اور دیگر حساس اضلاع میں نصب کیے گئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان سائرنز کا مقصد عوام کو ہنگامی حالات میں بروقت آگاہ کرنا ہے تاکہ حفاظتی اقدامات فوری طور پر ممکن بنائے جا سکیں۔ تمام متعلقہ ضلعی افسران کو سائرنز کی مسلسل جانچ اور مکمل فعالیت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
Discussion about this post