آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں جی ایچ کیو راولپنڈی میں یادگارِ شہداء پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس تقریب کا مقصد نہ صرف اُن کی اعلیٰ خدمات کا اعتراف کرنا تھا بلکہ وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا بھی تھا۔تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کا ذاتی نہیں بلکہ پوری قوم، افواجِ پاکستان اور اُن عظیم شہداء کا ہے، جنہوں نے بھارت کی بلااشتعال، بزدلانہ اور غیرقانونی جارحیت کے خلاف فولادی دیوار بن کر مادرِ وطن کا دفاع کیا۔

انہوں نے یہ اعزاز پاکستان کی سول سوسائٹی، مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں سے وابستہ اُن افراد کے نام منسوب کیا جنہوں نے ہر میدان میں قربانی، استقامت اور وفاداری کی مثالیں قائم کیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے جنرل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری) کو پاکستان کی فوجی تاریخ کے سب سے اعلیٰ عہدے، فیلڈ مارشل، پر ترقی دینے کی باقاعدہ منظوری دی تھی۔ اس تاریخی فیصلے سے نہ صرف ادارے کی پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف ہوا بلکہ پاکستان کے دفاعی استحکام میں ایک نئی تاریخ رقم ہوئی۔







Discussion about this post