بلوچستان کے ضلع خضدار میں معصوم اسکول بچوں کی بس پر ہونے والے خودکش حملے پر پاک فوج کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ترجمان پاک فوج نے اس حملے کو بھارت کی ریاستی دہشتگردی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ حملہ بھارت نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے منصوبہ بندی سے کروایا، جس کا مقصد پاکستان میں خوف، بدامنی اور عدم استحکام پھیلانا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت، جو میدانِ جنگ میں مسلسل ناکامی کا سامنا کر رہا ہے، اب معصوم شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی شکست کا بدلہ لے رہا ہے۔ خضدار میں ہونے والا یہ حملہ اسی سازش کی ایک کڑی ہے۔ ترجمان کے مطابق تین معصوم بچے اور دو نوجوان اس حملے میں شہید ہوئے جبکہ درجنوں بچے شدید زخمی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بھارت نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بدامنی پھیلانے کے لیے دہشتگرد نیٹ ورکس کو بطور ریاستی ہتھیار استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص میں دہشتگردوں کو شکست دینے کے بعد بھارت نے ایک بار پھر پاکستان کے پرامن علاقوں میں دہشتگردی کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سیاسی قیادت کی اخلاقی پستی اب اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ وہ ریاستی سطح پر دہشتگردی کو فروغ دے رہے ہیں۔ ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس حملے میں ملوث منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور حملہ آوروں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پاک فوج نے کہا ہے کہ پوری قوم متحد ہے اور بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کو ہر سطح پر ناکام بنایا جائے گا۔ دشمن کے مکروہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے قوم اور افواج پاکستان مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ پاکستان دنیا کے سامنے بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرے گا اور اس کے دہشتگرد عزائم کا ہر پہلو سے قلع قمع کیا جائے گا۔
Discussion about this post