ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد پاکستان نے اپنے شہریوں اور زائرین کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کرتے ہوئے وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کر دیا ہے، جو ہفتے کے ساتوں دن، 24 گھنٹے کام کرے گا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں ایران پر اسرائیل کے بلاجواز حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کارروائی کو ایرانی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ
"اس گھناؤنے اقدام نے نہ صرف بین الاقوامی قانون کی بنیادوں کو، بلکہ انسانیت کے ضمیر کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ یہ عمل علاقائی استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔”
ایران میں اپنے شہریوں/زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے، ہم نے وزارت خارجہ میں 24/7 کرائسز مینجمنٹ یونٹ (CMU) کو فعال کیا ہے۔ تہران میں پاکستانی سفارتخانے کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمیونٹی ممبرز/زائرین کو تمام سہولیات فراہم کرے۔ سفارت خانے کا ہاٹ لائن نمبر ہے… https://t.co/zGZbkcDVgD
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) June 13, 2025
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہر حال میں ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے وزارت خارجہ کا کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال کر دیا گیا ہے، جبکہ تہران میں قائم پاکستانی سفارت خانے کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرے۔ اس سلسلے میں سفارت خانے کا ہاٹ لائن نمبر بھی جاری کر دیا گیا ہے:
📞 (0098)-2166941388
وزارت خارجہ کے مطابق شہری کسی بھی قسم کی ایمرجنسی یا معلومات کے لیے اس نمبر پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔







Discussion about this post