کراچی کے بعد اب حیدرآباد میں بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو نظم و ضبط کا پابند بنانے کے لیے پولیس نے بھاری جرمانوں کا نیا نظام نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت معمولی خلاف ورزی بھی اب مہنگی پڑ سکتی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حکومت نے شہریوں میں قانون کی پاسداری کا شعور اجاگر کرنے اور حادثات میں کمی لانے کے لیے جرمانوں کی شرح میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ نئے ضوابط کے تحت بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر اب 2500 کے بجائے 20 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ عائد ہوگا، جب کہ موٹر سائیکل سوار اگر ہیلمٹ کے بغیر سفر کرے تو اسے 500 کے بجائے 5 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔ نو پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے پر جرمانہ 2 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ تیز رفتاری کرنے والے ڈرائیورز کو اب 25 ہزار روپے تک کا چالان بھگتنا پڑے گا۔ اسی طرح ون وے کی خلاف ورزی پر بھی 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ بغیر نمبر پلیٹ گاڑی چلانے پر 5 ہزار روپے کا جرمانہ وصول کیا جائے گا، تاکہ قانون شکن عناصر کو سخت پیغام دیا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد صرف سزا دینا نہیں بلکہ شہریوں میں قانون کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، اپنی اور دوسروں کی جانوں کی حفاظت یقینی بنائیں، اور ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔







Discussion about this post