ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے اعلان کیا ہے کہ گل پلازہ کی متاثرہ عمارت میں گزشتہ 9 روز سے جاری سرچ آپریشن تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ پیر کو ایک مرتبہ سروے ٹیم دوبارہ عمارت کا جائزہ لے گی، جس کے بعد اسے مکمل طور پر سیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 73 تک پہنچ گئی ہے جبکہ لاپتا افراد کی فہرست 79 تک جا پہنچی ہے۔ ان میں سے 13 افراد کے لواحقین نے اب تک اپنے ڈی این اے نمونے جمع نہیں کرائے اور نہ ہی کسی رابطے میں ہیں۔ جاوید نبی کھوسو کے مطابق اب تک 55 افراد کے لواحقین کے ڈی این اے نمونے حاصل کیے جا چکے ہیں اور 13 افراد کے لواحقین کو پیر تک وقت دیا گیا ہے تاکہ وہ بھی نمونے جمع کروا سکیں۔ اگر وہ مقررہ وقت تک نہیں پہنچے تو متعلقہ افراد کے نمونے نہ لینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ لواحقین میں تین، تین یا چار، چار افراد شامل ہیں جبکہ ابتدائی دنوں میں 6 افراد کی شناخت پہلے ہی مکمل ہو چکی تھی۔

اب تک سانحہ میں جاں بحق 23 افراد کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈی سی ساؤتھ نے کہا کہ گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور اور میزنائن فرسٹ فلور کی صفائی اور سرچ مکمل ہو چکی ہے، تاہم عمارت کا ایک حصہ ابھی باقی ہے جسے تفصیلی طور پر سرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ متاثرہ عمارت میں جانے سے گریز کریں کیونکہ وہاں مارکنگ کے ذریعے محفوظ اور خطرناک حصوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔







Discussion about this post