فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نیٹ سے باہر رہنے اور صلاحیت سے کم ٹیکس ادا کرنے والے افراد کے خلاف ملک گیر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان میں جیولرز کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں زیورات کے کاروبار سے وابستہ 57 ہزار جیولرز میں سے صرف 20 ہزار رجسٹرڈ ہیں، اور ان میں سے بھی محض 10 ہزار نے ٹیکس ریٹرنز فائل کیے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت کی ایک مارکیٹ میں ایسے 50 جیولرز بھی موجود ہیں جن کے ٹیکس ریٹرنز ان کی دکانوں، خرید و فروخت اور رہن سہن کے معیار سے مطابقت نہیں رکھتے۔ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ہزاروں جیولرز اب تک ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہوئے، اس لیے نوٹسز کے ذریعے ان سے جواب طلبی کی جا رہی ہے۔ تاہم حکام نے واضح کیا کہ بلاوجہ کسی تاجر یا صنعت کار کو ہدف نہیں بنایا جائے گا، اور صرف ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایف بی آر نے یہ بھی کہا کہ اگر ہر شہری اپنے حصے کا ٹیکس ایمانداری سے ادا کرے تو ملک کی معیشت مضبوط اور مست حکم ہو سکتی ہے۔ ادارے کا مقصد تمام سیکٹرز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا ہے تاکہ ٹیکس چوری کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔







Discussion about this post