دفتر خارجہ نے خوشخبری سناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت میں پھنسے پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے واہگہ بارڈر آئندہ بھی کھلا رہے گا۔ ترجمان شفقت علی خان نے میڈیا کو بتایا کہ اگر بھارتی حکام پاکستانی شہریوں کو سرحد پار کرنے کی اجازت دیتے ہیں تو پاکستان اپنے شہریوں کو خوش دلی سے قبول کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کرنے کا فیصلہ نہ صرف ناقابل فہم ہے بلکہ اس نے کئی خاندانوں کو بچھڑنے، مریضوں کو علاج ادھورا چھوڑنے، اور بچوں کو والدین سے جدا ہونے جیسے سنگین انسانی مسائل میں مبتلا کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق میڈیا رپورٹس سے علم ہوا ہے کہ واہگہ-اٹاری بارڈر پر کچھ پاکستانی شہری تاحال پھنسے ہوئے ہیں۔ بھارت کی جانب سے 30 اپریل کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، مگر صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان نے اپنے دروازے بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آج بھی 20 پاکستانی شہری واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس پہنچے، جنہیں دیکھ کر اہل خانہ کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو جھلک اٹھے۔ دفتر خارجہ کا دوٹوک اعلان پاکستانیوں کے لیے سکون اور اطمینان کا پیغام ہے کہ چاہے حالات جیسے بھی ہوں، وطن کی سرزمین ان کے لیے ہمیشہ بانہیں کھولے کھڑی ہے۔
Discussion about this post