فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026ء کے لیے انعامی رقم کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جو ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم قرار دی جا رہی ہے۔فیفا کے اعلامیے کے مطابق 2026ء کے فٹبال ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز، یعنی تقریباً 18 ارب پاکستانی روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی، جو گزشتہ ایڈیشن کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 5 کروڑ ڈالرز کی خطیر انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ 2022ء کے ورلڈ کپ میں فاتح ٹیم کو 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز ملے تھے۔ رنر اپ ٹیم کے حصے میں 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز آئیں گے، تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔

فیفا نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو تیاریوں کے لیے اضافی 15 لاکھ ڈالرز فراہم کیے جائیں گے، تاکہ ٹیمیں بہتر انتظامات اور تیاریوں کے ساتھ میدان میں اتریں۔واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2022ء میں مجموعی طور پر 44 کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی گئی تھی، جبکہ 2026ء کے ایڈیشن میں یہ رقم ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔ فٹبال ورلڈ کپ 2026ء اگلے برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں منعقد ہوگا، جہاں پہلی بار 48 ٹیمیں عالمی فٹبال کے سب سے بڑے اعزاز کے لیے مدِ مقابل ہوں گی، جس سے مقابلے کا معیار اور جوش و خروش مزید بڑھنے کی توقع ہے۔






Discussion about this post