فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان زون نے انسانی اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار اور 4 معصوم شہریوں کو بازیاب کرا لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان اور کوئٹہ کی ٹیموں نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ ان آپریشنز کے دوران انسانی اسمگلنگ میں سرگرم 2 بڑے گروہوں کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا۔
گرفتار ملزمان
ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار افراد میں:
-
رسول باچا
-
امین
-
حشمت علی
-
طالب حسین
-
احسان
شامل ہیں، جنہیں تفتان اور لورالائی سے گرفتار کیا گیا۔
طریقہ واردات اور بیرونی روابط
ترجمان کے مطابق ملزمان غیر قانونی راستوں کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو ایران اور ترکی منتقل کرنے میں ملوث تھے اور ایران و ترکی میں موجود پاکستانی سفارت خانوں کو بھی انتہائی مطلوب تھے۔
-
رسول باچا، امین اور حشمت علی متعدد شہریوں کو بیرون ملک بھجوا چکے ہیں۔
-
طالب حسین اور احسان سرحد پار کرانے کے عمل میں براہِ راست ملوث پائے گئے۔
مزید یہ کہ گرفتار افراد ایران میں مقیم ایجنٹ فہیم گجر کے کارندے کے طور پر کام کرتے تھے۔
شہری بازیاب
کارروائی کے دوران ملزمان کے گھروں سے 4 شہریوں کو بھی بازیاب کرایا گیا، جنہیں غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کیا جا رہا تھا۔
مزید کارروائیاں جاری
ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ ان کے نیٹ ورک کے دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔







Discussion about this post