آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر ڈیمین مارٹن کو ایک سنگین بیماری میننجائٹس لاحق ہونے کے بعد مصنوعی کومے میں رکھا گیا ہے۔ 54 سالہ سابق بلے باز جمعے کے روز اچانک طبی پیچیدگی کا شکار ہوئے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر کوئنز لینڈ کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت انتہائی نگہداشت میں زیرِ علاج ہیں۔ ڈیمین مارٹن نے 1992 سے 2006 تک آسٹریلوی ٹیم کی نمائندگی کی اور اس دوران 67 ٹیسٹ میچز کھیلے۔ وہ چار ایشز سیریز کا حصہ رہے اور 2006 میں تیسری ٹیسٹ سے قبل اچانک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔ اپنے شاندار کیریئر کے دوران وہ آسٹریلیا کے ساتھ دو بار ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں میں بھی شامل رہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے ڈیمین مارٹن کی بیماری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور کہا کہ یہ خبر کرکٹ حلقوں کے لیے نہایت تشویشناک ہے۔

مارٹن کے قریبی دوست اور سابق ساتھی ایڈم گلکرسٹ نے خاندان کی جانب سے تصدیق کی ہے کہ ڈیمین کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اہلِ خانہ اور ڈاکٹروں کو امید ہے کہ آئندہ چند روز میں انہیں کومے سے باہر لایا جا سکے گا۔ کرکٹ کے میدان میں ڈیمین مارٹن کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 4 ہزار 406 رنز اسکور کیے، جہاں ان کی اوسط 46.37 رہی۔ ون ڈے کرکٹ میں 208 میچز کے دوران انہوں نے 5 ہزار 346 رنز بنائے، 5 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں ان کے نام رہیں۔ سن 2003 کے ورلڈ کپ فائنل میں بھارت کے خلاف ڈیمین مارٹن کی جرات مندانہ اننگ آج بھی یاد کی جاتی ہے، جہاں ٹوٹی ہوئی انگلی کے باوجود انہوں نے ناقابلِ شکست 88 رنز بنا کر آسٹریلیا کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اسی سال انہوں نے انگلش کاؤنٹی یارکشائر کی نمائندگی بھی بطور اوورسیز کھلاڑی کی تھی۔







Discussion about this post