آسٹریلیا کے مایہ ناز فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک نئی لکیر کھینچ دی۔ دوسرے ایشز ٹیسٹ کے پہلے روز شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں، جس کے بعد ان کی ٹیسٹ وکٹوں کی مجموعی تعداد 415 ہو گئی۔ یوں وہ دنیا کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے۔ اس تاریخی کارنامے کے ساتھ ہی مچل اسٹارک نے پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا دیرینہ ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے اپنے شاندار ٹیسٹ کیریئر میں 414 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اسٹارک نے یہ سنگِ میل گابا کے میدان میں دوسرے ایشز ٹیسٹ کی پہلی اننگز کے دوران ہیری بروک کو آؤٹ کرکے عبور کیا، جو اس میچ میں ان کی تیسری وکٹ تھی۔

مچل اسٹارک کے چند نمایاں ریکارڈز
30 جنوری 1990 کو پیدا ہونے والے مچل ایرون اسٹارک آسٹریلیا کی قومی ٹیم کے اہم ستون ہیں۔ وہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ہونے کے ساتھ ساتھ لوئر آرڈر میں مفید بیٹنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز انہوں نے 2010 میں کیا، تاہم ابتدائی دور میں انجریز ان کی راہ میں رکاوٹ بنتی رہیں۔ 2015 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں عالمی سطح پر پہچان دی، جہاں انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ اس کے بعد وہ 2023 کے آئی سی سی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔
Mitchell Starc passes Wasim Akram as the most prolific left-arm bowler in Test cricket history 🤩#Ashes | #MilestoneMoment | @nrmainsurance pic.twitter.com/gxzYjLGR2S
— cricket.com.au (@cricketcomau) December 4, 2025
2019 کے ورلڈ کپ میں انہوں نے 27 وکٹیں حاصل کیں، جو کسی ایک ورلڈ کپ ایڈیشن میں سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ ہے۔ اس طرح وہ مسلسل دو ورلڈ کپ (2015 اور 2019) میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی بنے۔ نومبر 2023 تک وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں تیسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے گیند باز تھے۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں تیز ترین 150 اور 200 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی مچل اسٹارک کے نام ہے، جو انہوں نے بالترتیب 77 اور 102 میچز میں حاصل کیا۔ وہ ورلڈ کپ میں صرف 19 میچوں میں 50 وکٹیں مکمل کرنے والے تیز ترین بولر بھی ہیں۔اسٹارک اُن چند خوش نصیب کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں آئی سی سی ٹرافیاں جیتی ہیں، جن میں 2021 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور 2023 کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ بھی شامل ہے۔اپنی برق رفتار بولنگ اور شاندار ریورس سوئنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور مچل اسٹارک کی تیز ترین گیند 160.4 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی جا چکی ہے، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تیز ترین گیندوں میں شمار ہوتی ہے۔

لیفت آرم فاسٹ بولرز میں سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹوں کی فہرست میں اب:
-
مچل اسٹارک – 415 وکٹیں (پہلا نمبر)
-
وسیم اکرم – 414 وکٹیں (دوسرا نمبر)
-
چمندا واس – 355 وکٹیں (تیسرا نمبر)







Discussion about this post