پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے ایک بار پھر دشمن کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو بھرپور اور فوری جواب ملے گا، ایسا جواب جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ ۤآئی ایس پی ۤآر کے مطابق آرمی چیف نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے منگلا اسٹرائیک کور کی ہمہ جہت جنگی مشقوں کا قریب سے مشاہدہ کیا۔ ’’ہیمر اسٹرائیک‘‘ کے نام سے ہونے والی ان مشقوں نے پاک فوج کی تیاری، نظم و ضبط اور حربی مہارت کی بھرپور عکاسی کی۔ اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا :
“پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بھارت ہو یا کوئی اور، جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے ہماری تیاری ہمہ وقت مکمل اور ارادہ فولادی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کے جذبے کو سراہا۔ مشقوں میں اعلیٰ فوجی قیادت اور فارمیشن کمانڈرز بھی شریک تھے، جنہوں نے اپنے تجربے اور مشاہدے سے جوانوں کی رہنمائی کی۔ یہ دورہ دشمن کو ایک خاموش مگر واضح پیغام بھی تھا اگر کوئی میلی نگاہ ڈالے گا تو جواب صرف الفاظ میں نہیں، عمل میں ملے گا
Discussion about this post