نائب وزیرِاعظم اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک ہر سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور چین سلامتی کونسل سمیت تمام عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ژی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انہوں نے چین کے وزیرِ خارجہ کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ چھٹے اسٹریٹیجک مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مفید اور بامقصد بات چیت ہوئی۔ نائب وزیرِاعظم نے کہا کہ اجلاس میں سی پیک سمیت پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ گزشتہ مذاکرات کے بعد ہونے والی پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اسحٰق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے چین کے عزم کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ سی پیک فیز ٹو، عوامی سطح پر روابط اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چین کے وزیرِ خارجہ وانگ ژی نے بھی اس موقع پر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک اسٹریٹیجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔







Discussion about this post