شکاگو میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل طارق کریم نے ایشین امریکن ہیریٹیج منتھ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جہاں اُنہیں شکاگو کے میئر برینڈن جانسن، دیگر اعلیٰ سرکاری عہدیداروں، قونصلر کور کے ارکان اور مختلف ایشیائی کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقات کا موقع ملا۔ تقریب میں شرکت کے دوران، قونصل جنرل طارق کریم نے جنوبی ایشیا میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتِ حال پر روشنی ڈالی، خصوصاً بھارت کی جانب سے پاکستان کے شہروں پر کیے گئے حالیہ بلااشتعال اور غیر قانونی میزائل حملوں کا ذکر کیا۔
انہوں نے حاضرین کو خطے کی نازک صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ قومی خودمختاری اور سرحدی سلامتی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ طارق کریم نے امریکی پالیسی سازوں، شہری نمائندوں اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی جارحیت کا سنجیدگی سے نوٹس لیں اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن ایسا امن جو عزت و انصاف پر مبنی ہو ناکہ کسی دباؤ یا زیادتی کو تسلیم کرنے کا نتیجہ۔قونصل جنرل کی گفتگو کو مثبت انداز میں سراہا گیا اور ان کی کاوش نے جنوبی ایشیا کے حالیہ حالات سے متعلق بین الاقوامی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
Discussion about this post