سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اسٹارٹ اپس اور نئی قائم ہونے والی کمپنیوں کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب کارپوریٹ بینک اکاؤنٹس کھولنے کا عمل پہلے سے کہیں زیادہ آسان، تیز اور مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو گیا ہے۔ یہ پیش رفت ایس ای سی پی کے وژن "پیپر ٹو پلیٹ فارم” کا تسلسل ہے، جس کا مقصد پاکستان میں کاروبار کے طریقہ کار کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیجیٹل بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔ ایس ای سی پی نے اس سلسلے میں ملک کے متعدد ڈیجیٹل بینکوں کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ اس شراکت داری کے تحت، ایس ای سی پی کے ای زی فائل پلیٹ فارم اور بینکوں کے سسٹمز کے درمیان محفوظ API انضمام قائم کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں اب نئی کمپنی ایک ہی دن میں اپنا کارپوریٹ بینک اکاؤنٹ کھول سکے گی۔ یہ اقدام نہ صرف طریقہ کار کی تاخیر اور انتظامی پیچیدگیوں کو ختم کرے گا بلکہ کاروباری اداروں کو فوری طور پر اپنے آپریشنز شروع کرنے کے قابل بنائے گا۔ تقریبِ دستخط میں کمشنر ذیشان رحمان خٹک، چیئرپرسن عاکف سعید اور دیگر اہم عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرپرسن ایس ای سی پی نے کہا کہ ڈیجیٹل بینکوں کے ساتھ مسلسل تعاون پاکستان میں مالیاتی رسائی اور کاروباری آسانی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایس ای سی پی کا مقصد مالی شمولیت، شفافیت اور ڈیجیٹل انضمام کے ذریعے ایک ایسا کاروباری ماحول تشکیل دینا ہے جو نئے سرمایہ کاروں اور اسٹارٹ اپس کے لیے اعتماد، آسانی اور ترقی کے مواقع فراہم کرے۔ یہ اقدام ایس ای سی پی کی اُس وسیع حکمتِ عملی کا حصہ ہے جو پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور کاروباری جذبے کے فروغ کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔







Discussion about this post