راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز میں پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ایک اور بڑا سنگ میل عبور کرتے ہوئے بھارت کے ویرات کوہلی کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔ زمبابوے کے خلاف میچ میں بابر اعظم نے 43 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے اپنی 38ویں ٹی ٹوئنٹی ففٹی مکمل کی، جس کے ساتھ ہی وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں ویرات کوہلی کے شانہ بشانہ کھڑے ہوگئے۔ ویرات کوہلی بھی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 38 نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں، تاہم انہوں نے یہ کارنامہ 117 اننگز میں سرانجام دیا، جبکہ بابر اعظم نے 127 اننگز میں اسی سنگ میل کو چھوا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بابر اعظم گزشتہ دو دنوں میں بھارت کے مسلسل دو بڑے بیٹرز کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔ وہ پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی میں 50 یا اس سے زائد رنز بنانے کا مجموعی ریکارڈ ویرات کوہلی سے چھین چکے ہیں۔ کوہلی نے ایک سنچری اور 38 نصف سنچریوں کی بدولت 39 مرتبہ 50 یا اس سے زیادہ رنز بنائے تھے، جب کہ بابر اعظم اب 3 سنچریوں اور 38 ففٹیز کے ساتھ یہ کارنامہ 41 مرتبہ انجام دے چکے ہیں۔زمبابوے کے خلاف اسی میچ میں بابر اعظم نے اپنی کلاس کا مزید مظاہرہ کرتے ہوئے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52 گیندوں پر 74 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، جس نے ٹیم کو فتح دلانے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ بابر کی یہ پرفارمنس ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سب سے مستقل مزاج اور خطرناک بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔








Discussion about this post