وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھارتی حکومت کی طرف سے ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے فیٹف جیسے حساس عالمی فورم کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی سازش ناکام بنائی جائے گی۔اپنے پالیسی بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ:
"الیکشن کی مصروفیات کے باعث مجھے تاخیر سے علم ہوا کہ بھارت نے میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ آج میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان میں جتنی بھی دہشتگردی ہو رہی ہے، اس کے پیچھے بھارت کی منصوبہ بندی اور مالی معاونت شامل ہے۔ یہ حقیقت نئی نہیں بلکہ دہائیوں پر محیط ہے۔”
علی امین نے کہا کہ بطور سابق وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان، وہ ان خطوں میں بھارتی مداخلت کو بہت قریب سے دیکھ چکے ہیں:
"بھارت نے افغانستان میں سو سے زائد قونصل خانے کھولے، نہ تجارت ہوئی، نہ سفارت کاری, وہ تمام نیٹ ورک صرف اور صرف پاکستان کے خلاف دہشتگردی کو فروغ دینے کے لیے قائم کیے گئے۔”
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ فیٹف کو خط بھی لکھ رہے ہیں اور ذاتی طور پر وہاں جا کر بھارت کے اصل عزائم کو دنیا کے سامنے بےنقاب کریں گے:
"فیٹف کو بتاؤں گا کہ پاکستان نہیں، بلکہ بھارت وہ ملک ہے جو دہشتگردوں کا مالی، اخلاقی اور عسکری سہولت کار ہے۔ پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرانے کی بھارتی کوشش نہ صرف شرمناک ہے بلکہ عالمی امن کے منہ پر طمانچہ ہے۔”

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے خونی پنجے، بھارتی سازشوں کا نتیجہ ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا کو حقیقت سے آگاہ کیا جائے:
"چاہے چینی انجینئرز پر حملے ہوں، تنصیبات پر دھماکے ہوں یا معصوم شہریوں کی جانیں، ہر سازش کی کڑیاں بھارت سے جا ملتی ہیں۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر بھارتی حملے کبھی کامیاب نہیں ہوئے اور نہ ہوں گے:
"بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، مگر ہماری فورسز نے وہ جواب دیا کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔ ہم تمہاری طرح بزدل نہیں، ہم نعرہ لگا کر آتے ہیں۔ ہماری فتح کا راز ہمارے ایمان، اتحاد اور قربانیوں میں ہے۔”
اپنے خطاب کے اختتام پر علی امین گنڈاپور نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دوٹوک پیغام دیا:
"مودی! سن لو، ہم تمہیں تمہاری زبان میں جواب دینا جانتے ہیں۔ تمہاری حکومت نے جو جھوٹا بیانیہ گھڑ کر پاکستان کو عالمی فورمز پر بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، اسے میں خود جا کر دفن کروں گا۔ اور ، دنیا دیکھے گی کہ اصل دہشتگرد کون ہے۔ تمہارے جرائم کا مقدمہ خود فیٹف کے سامنے رکھوں گا، اور بھارت کو ہی گرے لسٹ میں ڈلوانے کا وقت آ گیا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع، استحکام اور خودمختاری کے لیے پوری قوم، تمام سیاسی جماعتیں اور دفاعی ادارے ایک پیج پر ہیں۔ پاکستان کی سرزمین پر دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔







Discussion about this post