عالمی ادارے اسکائی ٹریکس نے دنیا بھر کے ایئرپورٹس کی سالانہ درجہ بندی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں مختلف ممالک کے ہوائی اڈوں کو مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کی بنیاد پر اسٹار کیٹیگریز دی گئی ہیں۔ بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی اس جامع رینکنگ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو عالمی سطح پر 3 اسٹار کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، جو پاکستان کے لیے ایک نمایاں پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔ پاکستان کے دیگر بڑے ہوائی اڈوں میں لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو 2 اسٹار کیٹیگری دی گئی ہے۔ اسکائی ٹریکس کے مطابق یہ درجہ بندی ایئرپورٹس پر مسافروں کو دستیاب سہولیات، امیگریشن کے انتظامات، سروس کے معیار اور ٹرمینلز میں فراہم کی جانے والی مجموعی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

عالمی سطح پر 3 اسٹار کیٹیگری حاصل کرنے والے ایئرپورٹس میں دبئی، مانچسٹر، نیویارک جے ایف کے اور واشنگٹن ایئرپورٹ بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ماسکو، میکسیکو اور کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹس کو بھی اسی درجے میں رکھا گیا ہے، جو مسافروں کے لیے مناسب اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حامل قرار دیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارت کے دہلی، کولکتہ اور احمد آباد ایئرپورٹس کو بھی 3 اسٹار کیٹیگری دی گئی ہے۔عالمی درجہ بندی کے مجموعی جائزے کے مطابق دنیا بھر میں صرف 12 ایئرپورٹس کو 5 اسٹار جبکہ 81 ایئرپورٹس کو 4 اسٹار کیٹیگری دی گئی، جو اعلیٰ معیار کی سہولیات، شاندار سروس اور مسافروں کے لیے بہترین تجربے کے حامل سمجھے جاتے ہیں۔






Discussion about this post