صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ملکی میڈیا پر سخت تنقید کرتے ہوئے دو بڑے نیوز نیٹ ورکس، اے بی سی اور این بی سی نیوز کو "بدترین اور جانبدار” قرار دے دیا۔ ٹرمپ نے یہ بیان اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کیا جس میں انہوں نے ان دونوں چینلز کے کردار اور پالیسیوں پر شدید سوالات اٹھائے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اے بی سی اور این بی سی نیوز ہر سال لائسنس فیس کی مد میں لاکھوں ڈالر کیوں ادا نہیں کرتے؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ دونوں چینلز اپنی نشریات میں تقریباً 97 فیصد منفی خبریں نشر کرتے ہیں جو نہ صرف جانبداری کا مظہر ہے بلکہ عوامی رائے پر بھی منفی اثر ڈالنے کی ایک کھلی کوشش ہے۔صدر ٹرمپ نے ان دونوں نیٹ ورکس کو "امریکی جمہوریت کے لیے حقیقی خطرہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے لائسنس فوری طور پر منسوخ کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ میڈیا کا یہ رویہ عوام کو گمراہ کرتا ہے اور ملک میں تقسیم کو ہوا دیتا ہے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو نشانہ بنایا ہو۔ اس سے قبل وہ بارہا معروف امریکی چینل سی این این کو بھی "جھوٹی خبروں کا مرکز” قرار دے چکے ہیں۔ ٹرمپ کے بقول مین اسٹریم میڈیا اکثر "ایجنڈا پر مبنی رپورٹس” نشر کرتا ہے جس کا مقصد ان کی حکومت اور پالیسیوں کو کمزور کرنا ہے۔ امریکی صحافتی حلقے ٹرمپ کے بیانات کو آزادیٔ اظہار اور صحافت کی آزادی پر حملہ قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر کے ایسے بیانات صحافیوں اور میڈیا اداروں پر دباؤ بڑھانے کی ایک منظم کوشش ہیں۔







Discussion about this post