اگر آپ نیلگوں ساحلوں، سرسبز جنگلات اور قدیم بدھ مت مندروں سے سجی وادیوں کی سیاحت کا خواب دل میں سجائے بیٹھے ہیں، تو اب وقت ہے اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کا, وہ بھی بغیر کسی ویزا فیس کے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق سری لنکا نے سیاحت کے فروغ اور بین الاقوامی سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے ایک زبردست قدم اٹھاتے ہوئے 40 ممالک کے لیے ویزا فیس مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فہرست میں پاکستان، امریکا، برطانیہ، کینیڈا، سعودی عرب، یو اے ای، آسٹریلیا اور متعدد یورپی و ایشیائی ممالک شامل ہیں۔ سری لنکن وزیر سیاحت وجیتھا ہیراتھ کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ سری لنکا اپنے دلکش ساحلوں اور ثقافتی ورثے کے ساتھ دنیا بھر کے مہمانوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔ اگرچہ اس اقدام سے حکومت کو سالانہ تقریباً 66 ملین ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا، تاہم پالیسی سازوں کو یقین ہے کہ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی آمد یہ کمی پورا کر دے گی۔ یہ سہولت دراصل 2023 کے کامیاب پائلٹ پروگرام کا تسلسل ہے، جس میں بھارت، چین اور روس کے سیاحوں کو 30 دن کا مفت ویزا دیا گیا تھا۔ اب یہ اسکیم دنیا کے 40 منتخب ممالک تک توسیع دی گئی ہے تاکہ سری لنکا عالمی سیاحتی دوڑ میں نمایاں مقام حاصل کر سکے۔

ویزا فیس سے مستثنیٰ ممالک کی نمایاں فہرست:
پاکستان، بھارت، چین، روس، امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، سعودی عرب، یو اے ای، جاپان، ترکی، جرمنی، فرانس، نیدرلینڈز، ملائیشیا، انڈونیشیا، قطر، عمان، بحرین، کویت، نیوزی لینڈ، سویڈن، فن لینڈ، ڈنمارک، جنوبی کوریا، ایران، اٹلی، سوئٹزرلینڈ، اسرائیل اور دیگر۔ یہ فیصلہ نہ صرف سری لنکن معیشت کو نئی توانائی دے گا بلکہ دنیا بھر کے سیاحوں کو ایک یادگار، پُرامن اور سحر انگیز تجربہ فراہم کرے گا۔







Discussion about this post