ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک ملک کی جانب سے بلاجواز اور جھوٹے بیانیے پر مبنی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم نہ کبھی جھکی ہے اور نہ کبھی جھکے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری طاقت کا راز خدا تعالیٰ کی مدد اور ہماری ناقابل تسخیر خوداعتمادی و عزم ہے، جس کی بدولت دنیا نے بھی ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے چینی میڈیا گروپ ‘سی جی ٹی این چائنا اردو’ کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ اگر کوئی ملک جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر پاکستان پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے کی کوشش کرے گا تو ہم کبھی بھی اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے دہشت گردی کو ترقی کی راہ میں سب سے بڑا رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے ایک مضبوط اتحاد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے عالمی مسائل کی طرف بھی توجہ دلائی، کہا کہ آج دنیا موسمیاتی تبدیلی، بڑھتی ہوئی آبادی، اور مس انفارمیشن جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، اور بڑے ممالک اس سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کا سوال تھا کہ کیا کوئی ملک آج کے دور میں اپنے پڑوسیوں پر اجارہ داری مسلط کر سکتا ہے؟ ان کا جواب واضح تھا کہ پاکستانی قوم نے کبھی کسی کے آگے سر نہیں جھکایا اور نہ ہی کرے گی۔ لیفٹیننٹ جنرل نے مزید کہا کہ چاہے نیلی وردی ہو، سفید یا خاکی، شہادت ہمارے لیے سب سے بڑا فخر اور اعزاز ہے۔
انہوں نے پاکستان اور چین کو دنیا کے دو ذمہ دار ممالک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود اور امن کا قیام ہے۔ چین کی تیز رفتار ترقی کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس ماڈل پر چین نے اپنی قوم کو ترقی کی منازل تک پہنچایا ہے، وہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، اور پاکستانی عوام بھی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آج پاکستان کی گلیوں میں فتح کا جشن نہیں بلکہ خدا کے شکرانے کی صدا بلند ہو رہی ہے، کیونکہ پاکستانی قوم ایک امن پسند قوم ہے جو غرور سے نہیں بلکہ شکرگزاری سے زندگی گزارتی ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ اب ہماری ‘آہنی دیوار’ جس میں فوج، عوام، حکومت، میڈیا اور نوجوان شامل ہیں، اپنا رخ دہشت گردی کے خاتمے کی طرف موڑ چکی ہے، اور ہم ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔
Discussion about this post