جب بھی تاریخ قوموں کی عظمت کا باب رقم کرتی ہے، تو یہ محض ہتھیاروں کی گونج سے نہیں، بلکہ قربانیوں، اتحاد اور ایمان کی طاقت سے جگمگاتا ہے۔ امریکی شہر ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ نے اسی جذبے اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے یومِ تشکر کی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا، جو بھارتی جارحیت کے خلاف قوم کی جیتی جاگتی قوت،خدا کی نصرت اور شکرانے کی علامت تھی۔تقریب کا سب سے یادگار اور روحانی لمحہ وہ تھا جب قونصل جنرل آفتاب شیخ نے قومی ترانے کی بلند آوازوں کے درمیان سبز ہلالی پرچم کو بلند کیا۔ یہ پرچم محض کپڑے کا ٹکڑا نہیں بلکہ ہمارے شہداء کے خون، غازیوں کی قربانیوں اور پاکستان کے ایمان کی زندہ علامت ہے۔ فضا میں صرف نغمہء وطن کی گونج نہیں، بلکہ شہداء کی پاکیزہ روحوں کا تقدس بھی محسوس کیا جا رہا تھا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی روحانی روشنی نے محفل کو یکسر منور کر دیا۔ اس کے بعد شہداء کے لیے دعا کی گئی، جنہوں نے وطن کی حفاظت میں جان کی بازی لگا دی۔ ان کی یاد میں اٹھے ہوئے ہاتھ، قوم کے شکر گزار دلوں کی ترجمانی کر رہے تھے۔ عام شہریوں کی قربانیاں بھی بھرپور الفاظ میں یاد کی گئیں، جنہوں نے مشکل حالات میں بھی وفاداری کا ثبوت دیا۔ ہیوسٹن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی اس تقریب میں بھرپور شرکت کی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز افراد شامل تھے۔
عامر زیدی، تنویر احمد، ڈاکٹر آصف قدیر، سراج نارسی، سعید شیخ سمیت دیگر رہنماؤں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاک فوج نے دشمن کا منہ توڑ جواب دے کر ملک کا دفاع ناقابلِ تسخیر ثابت کیا ہے۔قونصل جنرل آفتاب شیخ کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمارے لیے یومِ تشکر ہے، جس میں ہم ربِ ذوالجلال کے حضور سر تسلیم خم کرتے ہیں کہ اُس نے ہمیں اپنی سرزمین کے دفاع کی توفیق دی اور دشمن کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہونے کا حوصلہ بخشا۔ ہماری افواج کی مہارت، قوم کی دعائیں اور ایمان کی طاقت نے ہی یہ عظیم فتح ممکن بنائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک مقدس نظریہ ہے، اور اس نظریے کی حفاظت ہر پاکستانی کی مقدس ذمہ داری ہے۔ تقریب کا اختتام قومی یکجہتی، شکرگزاری اور عزمِ نو کے جذبات کے ساتھ ہوا۔ حاضرین نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور عہد کیا کہ پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور نظریاتی اساس کو کوئی داغ نہیں لگا سکتا۔یہ دن صرف فتح کا جشن نہیں، بلکہ نئے حوصلے، نئے عزم اور امید کی روشنی کا پیغام بھی تھا جو ہر پاکستانی کے دل میں روشن ہے۔
تصاویر بشکریہ امریکن اردو ڈاٹ ٹی وی
Discussion about this post