انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی کرنے والے آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بھارت میں آئی پی ایل کے باقی ماندہ میچز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مچل اسٹارک نے اپنے اس فیصلے سے متعلق فرنچائز کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارت میں سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے بقیہ میچز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ دہلی کیپیٹلز نے فوری طور پر اسٹارک کے متبادل کے لیے دیگر کھلاڑیوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ خیال رہے کہ مچل اسٹارک اس وقت دھرم شالا میں ہوئے میچ کے دوران بھی موجود تھے، جہاں بلیک آؤٹ کی وجہ سے میچ روکنا پڑا تھا۔
اس موقع پر ان کی اہلیہ اور ویمن کرکٹر ایلیسا ہیلی بھی وہاں موجود تھیں۔ ایلیسا ہیلی نے دھرم شالا کے حالات پر دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ گراؤنڈ میں کھلاڑی اطلاعات کی کمی اور غلط معلومات کی وجہ سے خوفزدہ ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں آئی پی ایل میچز کھیلنے والے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو حکومت کی طرف سے سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانی حاصل کرنی چاہیے۔ واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے باعث آئی پی ایل کو گزشتہ جمعے ایک ہفتے کے لیے ملتوی کیا گیا تھا، لیکن جنگ بندی کے اعلان کے بعد یہ ٹورنامنٹ 17 مئی سے دوبارہ شروع ہوگا۔
Discussion about this post